اندور، 24دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی، کانگریس اور راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے مہاگٹھ بندھن کی بحث پر مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے نوٹ بندی کے قدم کا اتنا طاقتور اثر ہوا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی پارٹی اپنے بل بوتے پر اتر پردیش اسمبلی انتخابات لڑنے کے قابل نہیں ہے۔پاریکر نے یہاں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے قومی اجلاس میں حصہ لینے کے بعد نامہ نگاروں کے اتر پردیش میں ایس پی، کانگریس اور آر ایل ڈی کا انتخابی مہاگٹھ بندھن بننے کی بحث کے بارے میں پوچھے جانے پر جواب دیا۔ نوٹ بندی کا اتنا طاقتور اثر ہوا ہے کہ وہاں (اتر پردیش)ان میں سے کسی بھی پارٹی میں خود کے بل بوتے پر الیکشن لڑنے کی طاقت نہیں ہے۔پاریکر نے زور دے کر کہا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے ملک میں کئی غیر قانونی سرگرمیوں پرروک لگے گی۔انہوں نے کہا کہ نو ٹ بندی کے سبب یہاں تک کہ اگر عوام کو فی الحال تھوڑی تکلیف ہو رہی ہے لیکن عام لوگ یہ تھوڑی تکلیف برداشت کرنے کو تیار ہیں کیونکہ نوٹ بندی کا ملک پر طویل عرصے تک اچھا اثر بنا رہے گا۔آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر اسکینڈل سے متعلق ایک سوال پر پاریکر نے وسیع تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کر رہی ہے اور یہ مرکزی ایجنسی ان کی وزارت کے تحت نہیں آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انہیں (سی بی آئی) اس معاملے میں جو معلومات دینی تھی، وہ دے دی ہے،میں اس سے زیادہ جواب نہیں دے سکتا۔